محمد اطہر شمسی
اُمتِ وسط: ایک اجتماعی ذمے داری
قرآنِ کریم میں اُمتِ مسلمہ کو ایک غیر معمولی ذمے داری عطا کی گئی ہے۔ چنانچہ ارشاد ہے: اور اِسی طرح ہم نے تمہیں درمیانی اُمت بنایا تاکہ تم لوگوں پر گواہ بنو اور رسول تم پر گواہ ہو۔ (البقرۃ: ۱۴۳) اِس آیت میں اُمتِ وسط اور شہادت علی الناس کی اصطلاحات کو ایک ہی آیت میں جمع کیا گیا ہے۔ اُمتِ وسط کا مطلب محض درمیان کی اُمت نہیں بلکہ ایک ایسی اُمت ہے جس کا امتیاز اعتدال، توازن اور عدل ہے۔ قرآن نے اُمت کو اُمتِ وسط قرار دینے کے فوراً بعد اُس کا فریضہ شہادت علی الناس بیان کیا۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ اُمتِ وسط کوئی نسلی منصب نہیں بلکہ اجتماعی کردار سے وابستہ ایک ذمے داری ہے۔ یعنی حق و اِنصاف کی اجتماعی گواہی۔
اِس آیت میں اُمتِ مسلمہ کی شناخت محض کچھ عقائد کی نسبت سے نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمے داری سے متعین کی گئی۔
زندگی کے تمام شعبوں میں شہادت علی الناس
زندگی کے شعبے لامحدود ہیں، مثلاً علم، سیاست، سوسائٹی، اقتصادیات وغیرہ۔ لہٰذا حق و اِنصاف کی گواہی (شہادت علی الناس) بھی زندگی کے تمام شعبوں میں مطلوب ہوگی۔ حق کی گواہی کو محض عقائد اور اخلاقیات کے باب تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ یعنی ایسا نہیں ہو سکتا کہ اُمتِ مسلمہ محض کچھ عقائد یا اپنی تعبیرِ دین کی تبلیغ کرکے شہادت علی الناس کے فریضے سے سبک دوش ہو جائے۔ اُسے اپنے علم، کردار اور اجتماعی رویّے کے ذریعے شہادت علی الناس کا فریضہ زندگی کے ہر شعبے میں ادا کرنا ہوگا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے محض عقائد کی تبلیغ نہیں کی بلکہ اپنے کردار اور اِداروں کے قیام کے ذریعے وقت کی تہذیب کو اجتماعی زندگی کے ہر شعبے میں حق و اِنصاف کی راہ دکھائی۔ یہی شہادت علی الناس ہے۔
جب اُمت کا اجتماعی وجود خود گواہی بن جائے
کسی قوم کا یہ دعویٰ کرنا کہ اُس کے پاس حق ہے، ایک چیز ہے، لیکن اِس دعوے کو اپنے اجتماعی وجود سے ثابت کرنا دوسری چیز ہے۔ دعوے کے حق میں اجتماعی وجود کی گواہی ہی شہادت علی الناس ہے۔ یعنی اُمت کا وجود خود ایک شہادت بن جائے۔ اُمت اگر تعلیم کے میدان میں ہے تو اُس کا تعلیمی وجود اِس بات کی گواہی بن جائے کہ عدل و حق پر مبنی تعلیمی نظام یہ ہے۔ اُمت اگر تجارت کرتی ہے تو تجارت کے میدان میں اُس کا وجود اِس بات کا گواہ ہو کہ قرآن کا مطلوب تجارتی ماڈل یہ ہے۔ لوگ اُن کے تجارتی ماڈل کو دیکھ کر قرآن کے مطلوب تجارتی ماڈل کو سمجھ جائیں۔ اُن کی سیاست اِس قدر عدل پر مبنی ہو کہ لوگ اُسے دیکھ کر پکار اُٹھیں کہ عدل یہاں ہے۔ جب اُمت اِس طرح اپنے وجود سے حق کی گواہی دینے لگے تو یہ شہادت علی الناس کی عملی تشکیل ہے۔
اقدار کی اہمیت عملی نظام سے ثابت ہوتی ہے
اصل یہ ہے کہ زندگی میں بہت سے مسائل ایسے ہیں جہاں اصولوں کی اہمیت تقریروں سے نہیں بلکہ عملی زندگی سے ثابت ہوتی ہے۔ مثلاً عدل کی اہمیت اِنصاف پر مبنی نظام سے ظاہر ہوتی ہے۔ امانت کی اہمیت شفاف اِداروں سے معلوم ہوتی ہے۔ تعلیم کی اہمیت کا اندازہ ایک علم دوست ماحول سے ہوتا ہے۔ معاشی اِنصاف کی اہمیت منصفانہ معاشی لین دین کو دیکھنے سے معلوم ہوتی ہے۔
اِسی طرح حق کی اہمیت کا اندازہ ایک ایسی سوسائٹی کو دیکھنے سے ہوتا ہے جس نے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عدل کو قائم کر دیا ہو۔
انفرادی نیکی کافی نہیں، عادلانہ اِدارے بھی ضروری ہیں
قسط یعنی اِنصاف کی گواہی محض ذاتی اور انفرادی زندگی سے نہیں ہوتی۔ اِنصاف کی گواہی کے لیے اجتماعی زندگی میں اِدارے بھی مطلوب ہوتے ہیں، جو سوسائٹی کی اجتماعی زندگی کو عدل پر مرکوز رکھتے ہیں۔ ایک سوسائٹی میں بہت سے نیک افراد ہو سکتے ہیں، لیکن اِدارے اگر بدعنوان ہوں تو افراد بے اثر ہو جاتے ہیں۔ ایک استاد منصف ہو، لیکن تعلیمی اِدارہ اگر امتیاز کرتا ہو، ایک ملازم دیانت دار ہو، لیکن اُس کی کمپنی اپنے ملازمین کا استحصال کرتی ہو، ایک صحافی حق گو ہو، لیکن اُس کا چینل خوشامد کرکے مفادات حاصل کرنے کا قائل ہو، تو ایسی صورت میں افراد کی انفرادی خوبیاں معاشرے کو درست راہ دکھانے میں کامیاب نہیں ہوتیں۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ بہت سے افسر اپنی ذاتی زندگی میں نہایت دیانت دار ہوتے ہیں، لیکن نظام کے آگے وہ خود کو بے دست و پا پاتے ہیں۔
اقدار کو مستقل بنانے میں اِداروں کا کردار
اِنسانی اقدار اگر انفرادی زندگی اور ذاتی کردار تک محدود رہیں تو اُن کا اثر پائیدار نہیں ہوتا۔ اِدارے اقدار و اصول کو مستقل بنا دیتے ہیں۔ اقدار اِداروں میں پہنچ کر اصول، ضابطے، طریقۂ کار اور فیصلوں کا حصہ بن جاتی ہیں۔ اِس طرح اقدار ایک نظام بن جاتی ہیں۔ افراد عارضی ہو سکتے ہیں، لیکن نظام مستقل ہوتا ہے۔ ایک اسکول کا دیانت دار استاد عارضی ہو سکتا ہے۔ اُس کا تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے، لیکن دیانت اگر نظام میں پہنچ جائے تو ایک استاد کے تبادلے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ افراد کا اثر انفرادی ہوتا ہے، لیکن اِدارے اجتماعی اثر پیدا کرتے ہیں۔ چنانچہ ایک دیانت دار شخص اپنے محدود دائرے میں اثر انداز ہو سکتا ہے، لیکن ایک شفاف مالیاتی اِدارہ لاکھوں افراد کی زندگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اِس لیے شہادت علی الناس کا فریضہ محض انفرادی رویّوں تک محدود نہیں ہو سکتا۔ شہادت علی الناس کے فریضے کی انجام دہی کے لیے اُمت کو اِداروں کی ضرورت ہوگی۔ اگر اِدارے قوموں کے رویّوں کو طے کرتے ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کسی اُمت کی شہادت کا اندازہ صرف اُس کے افراد کی مذہبی و اخلاقی زندگی سے لگایا جائے گا یا اُس کے قائم کردہ اِداروں کی کارکردگی سے بھی؟ یہاں سوال یہ بھی ہوتا ہے کہ کیا اُمتِ مسلمہ کے اِدارے شہادت علی الناس کا فریضہ انجام دے رہے ہیں؟ کیا ہم نے اجتماعی زندگی کے مختلف میدانوں میں ایسے اِدارے قائم کیے ہیں جو شہادت علی الناس کے فریضے کو واقعی انجام دے رہے ہوں؟
صالح افراد کے ساتھ صالح نظام بھی ناگزیر ہے
اگر کسی اُمت میں عبادت گزار، مخلص اور دیانت دار افراد بڑی تعداد میں موجود ہوں، لیکن اُس کے اوقاف میں بدعنوانی عام ہو، سیاسی اِدارے اقربا پروری کا نمونہ ہوں، معاشی اِداروں میں شفافیت معدوم ہو، سماجی اِداروں میں استحصال ہو، ملّی اِداروں میں قابلیت کے بجائے وفاداری دیکھی جاتی ہو، مدارس میں تحقیق کے بجائے تقلید پر زور ہو، عہدے اور ذمے داریاں خوشامد کی بنیاد پر ملتی ہوں، تو کیا ایسی اُمت کو اُمتِ وسط کہا جا سکتا ہے؟ کیا ایسی اُمت شہادت علی الناس کا نمونہ ہو سکتی ہے؟ صالح افراد نہایت اہم ہیں، لیکن وہ صالح نظام کا بدل نہیں ہو سکتے۔ ہمارے یہاں افراد کے ذاتی تقویٰ اور صالحیت پر تو زور دیا جاتا ہے، مگر بدقسمتی سے اِدارہ جاتی تقویٰ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ شہادت علی الناس کا فریضہ تقویٰ اور عدل کو اِداروں کے ڈھانچے میں شامل کیے بغیر انجام نہیں دیا جا سکتا۔ شہادت علی الناس کے لیے اُمت کو صرف صالح افراد کی نہیں بلکہ صالح اور عادلانہ اجتماعی اِداروں کی تشکیل کی بھی ضرورت ہوگی۔
مذہبی اِداروں سے آگے: علمی، معاشی اور سماجی اِداروں کی ضرورت
اِداروں کے حوالے سے یہ بات بھی سمجھ لینی چاہیے کہ شہادت علی الناس کا فریضہ محض مذہبی نوعیت کے اِداروں کے ذریعے انجام نہیں دیا جا سکتا۔ اِس کے لیے ہمیں مختلف میدانوں میں کام کرنے والے معاشی، قانونی، علمی و سماجی اِداروں کی ضرورت ہوگی۔ علمی میدان میں ہمیں ایسے اِداروں کی ضرورت ہوگی جو صرف علم کے صارف پیدا نہ کریں بلکہ علم کی تخلیق کا فریضہ انجام دے سکیں، جو جدید علوم کی نظریاتی وابستگیوں کا بے لاگ تنقیدی جائزہ لیں، نئے سوالات پیدا کریں، نئے علمی نظریات اور تصورات تشکیل دے سکیں۔ علم صرف تکنیکی مہارت کا نام نہیں ہوتا، نظریات اور تصورات بھی علم کا ایک بڑا میدان ہوتے ہیں۔ علمِ جدید کے حوالے سے اُمتِ مسلمہ میں تکنیکی علوم کی تحصیل کے لیے بیداری عام ہو رہی ہے۔ ہمارے اِدارے اِس تعلیم کے لیے اسکالرشپ بھی دیتے ہیں، جو کہ لائقِ ستائش ہیں، لیکن نظریات اور تصورات کی تشکیل مکمل طور پر اُن لوگوں کے ہاتھ میں ہے جن کی وفاداریاں قرآن سے وابستہ نہیں ہیں۔ ہمارے یہاں اعلیٰ درجے کے سماجی مفکر، فلسفی، نظریہ ساز تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ تکنیکی مہارت اور ترقی نظریات و افکار کے تابع رہتی ہے۔ نظریات و افکار کا میدان خالی چھوڑ کر شہادت علی الناس کا فریضہ کیسے انجام دیا جا سکتا ہے؟
تکنیکی ترقی کے ساتھ فکری و تہذیبی قیادت بھی ضروری
اگر حاملینِ وحی تکنیکی تعلیم میں خوب ترقی کریں، لیکن نظریات و افکار کے میدان میں دوسرے لوگ غالب رہیں تو اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ اُنہیں ملازمتیں تو مل سکتی ہیں، لیکن تہذیب کی کمان کسی اور کے ہاتھ میں ہوگی۔ وہ انجینئر تو ہوں گے، لیکن شہر بسانے کے فیصلے کوئی اور کر رہا ہوگا۔ ایسا کرنا دوسروں کے بنائے ہوئے نظام میں اپنے لیے تھوڑی سی جگہ تلاش کرنے کے ہم معنیٰ ہوگا، حالاں کہ شہادت علی الناس کا تقاضہ تو یہ ہے کہ نظام ہی سرے سے عدل و قسط کے اصولوں پر قائم کیا گیا ہو۔
(مصنف القرآن اکیڈمی کیرانہ کے ڈائریکٹر ہیں۔)

