اشرف علی بستوی
"مین اسٹریم میڈیا کا مقصد پیسہ کمانا ہے، یہ مالیاتی منڈیوں کی طرح ہے۔”
— کیرلس لاتف
دہلی سمیت ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابات سے قبل ممکنہ نتائج کی پیش گوئی کرنے والے سروے آج کل روزانہ میڈیا میں موضوع بحث بن رہے ہیں۔ تمام سیاسی پارٹیاں اپنے اعتبار سے جیت ہار کا سروے میڈیا کو فراہم کرا رہی ہیں۔ سنسنی خیزی میں یقین رکھنے والا کارپوریٹ میڈیا اس سیاسی کھیل میں بھرپور معاونت کررہاہے اور ہرہفتے عوام کو ایک نئی سرکار پیش کرتا ہے۔ اس کام کو سیاسی جماعتیں اور پیڈ نیوز کے خالق بڑی ہوشیاری کے ساتھ انجام دے رہے ہیں؛ تاکہ پیڈ نیوز کے الزام سے بچتے ہوئے نام نہاد سروے کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جائے، حالانکہ یہ سبھی جانتے ہیں کہ ایسے سروے معاشرے میں اعتبار کھوچکے ہیں۔
سروے کے نام پر انتخابی ماحول سازی
ٹی وی چینلوں پر نشر کیے جانے والے یہ سروے بڑی حد تک محض تفریح کاسامان ہوتے ہیں، جن پر باخبر اور سنجیدہ حلقے توجہ نہیں دیتے؛ لیکن پھر بھی ملک کی ایک بڑی آبادی کو ایسے نام نہاد سروے گمراہ کرنے میں بڑی حد تک کامیا ب ہوجاتے ہیں اور اس وقت یہی ہو رہا ہے۔ سیاسی پارٹیاں سروے کے ذریعے ماحول سازی کا کام کررہی ہیں۔ ملک کا میڈیا ایسے نام نہاد سروے کو بنیاد بنا کرگھنٹوں مباحثے اور مذاکرے کرتا ہے اور اس درمیان نہ جانے کتنے اہم ایشوز اور خبروں کو غائب کردیتا ہے، اس کو دیکھ کر بعض اوقات یہ محسوس ہوتاہے کہ ملک کی صحافت اپنے مقصد سے دور ہوگئی ہے۔
سنسنی خیزی کے پیچھے چھپتا صحافت کا اصل مقصد
اگر اسی طرح بے بنیاد و نام نہاد سروے اور سنسنی خیزی کی راہ پر ہمارا میڈیا چلتا رہا، تو معاشرے کے سنجیدہ طبقے کا اس پر سے مکمل طورپر اعتماد اٹھ جائے گا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سروے کی بنیاد پر تخیلاتی بلندی دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سے قبل عام انتخابات اور اسمبلی انتخابات کے کئی مواقع پرمہمل نتائج پیش کیے گئے تھے؛ لیکن حقیقی نتائج ان سروے رپورٹس سے مختلف رہے۔ اس کے باوجود ہر بار اس طرح کی گمراہ کن کوشش ہوتی رہتی ہے۔ یہ بات میڈیا کے تجزیہ کاروں کو بھی اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کے چینل پر دکھائے گئے سروے سے نتائج تبدیل نہیں ہوںگے؛ لیکن چونکہ سنسنی خیزی ہی الیکٹرانک میڈیا کو آکسیجن فراہم کرتی ہے؛ اس لیے وہ ایسا ہی کریں گے، ضرور کریں گے؛ کیونکہ یہ ان کی کاروباری ضرورت ہے۔ عوام کے د رمیان گمراہی پھیلانے کا یہ عمل آخری ووٹ کی گنتی تک جاری رہتا ہے۔
دہلی کی سیاست میں سروے کا انتخابی کھیل
اس سلسلے میں اگر صرف دہلی کی صورت حال کاجائزہ لیں، تو پتہ چلتا ہے کہ بدعنوانی کی مخالفت کی بنیاد پر وجود پانے والی عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں نے یکساں طریقہ اختیار کررکھا ہے، دونوں سروے کے سہارے منزل پانے کی کوشش کررہی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی خاموشی اور انتخابی ضابطۂ اخلاق
صحت مند جمہوری قدروں کے تحفظ کا بنیادی تقاضا تو یہ ہے کہ اس طرح کے نام نہاد سروے کو روکا جائے؛ لیکن ہندوستان کا الیکشن کمیشن اب تک خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، اس کی یہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ کیا اس طرح کے سروے کرانا اور انہیں میڈیا میں پیش کرنا انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے؟ جیت کے لیے اخلاقیات کو پامال کرنا اور جمہوریت کا مذاق اڑانا کہاں تک درست ہے؟
میڈیا کا کام گمراہ کرنا نہیں، باخبر بنانا ہے
میڈیا کا کام عوام الناس کو صالح اور صحت مند جانکاری مہیا کرانا ہے، گمراہ کرنا نہیں۔ اس طرح کے سروے سے گمراہی کو فروغ ملتا ہے۔ میڈیا کی آزادی کا سہارا لے کر اس طرح کی غیرذمے دارانہ حرکتیں کی جارہی ہیں۔ ایسے نام نہاد سروے پر روک لگائے بغیر مضبوط جمہوریت کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ عوام کو سوچنے، سمجھنے اور فیصلہ لینے کی آزادی پر اِس طرح کے نام نہاد سروے سے منفی اثر پڑتا ہے اور یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
10 اکتوبر 2018
- مضمون کی اصل اشاعت کی تاریخ:
10 اکتوبر 2018

