اردومیری رگوں میں بسی ہوئی تھی
روہنی سنگھ سے انٹرویو
روہنی سنگھ ، پریس کلب آف انڈیا کی رکن اورانگریزی صحافت میں نمایاں نام ہیں ، انہوں نے ایک ریسرچ کے دوران اردو سیکھنے کا فیصلہ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ شوق صرف زبان تک محدود نہیں رہا بلکہ انہوں نے اردو میں باقاعدہ صحافت بھی شروع کر دی۔ آج وہ ان چند غیر اردو داں پس منظر رکھنے والے صحافیوں میں سے ہیں جو نہ صرف اردو لکھتی ہیں بلکہ اس زبان میں ایک کتاب بھی شائع کر چکی ہیں ۔ یہ انٹرویو ان کی اردو سیکھنے کی دلچسپی، اس سفر کی مشکلات اور خوشگوار تجربات پر مبنی ہے۔
سوال : آپ نے اردو زبان سیکھنے کا فیصلہ کن حالات میں کب اور کیوں کیا؟
جواب : پہلے میں چاہوں گی کہ اپنا پس منظر بیان کروں۔ میری پیدائش جھارکھنڈ صوبے کے ایک سکھ گھرانے میں ہوئی، جو تقسیم ہند کے بعد راولپنڈی سے وہاں آ بسا تھا۔ اردو میری مادری زبان نہیں، لیکن میرے بزرگ اس سے جڑے ہوئے تھے۔ میں نے اپنے دادا کو بچپن میں سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب اردو میں پڑھتے دیکھا ہے۔ وہ اردو کے ڈائجسٹ اور رسائل بھی شوق سے منگواتے تھے۔ بچپن میں مجھے یہ تجسس رہتا تھا کہ دادا کتاب کو الٹی طرف سے کیوں کھولتے ہیں۔ میرا جی چاہتا کہ میں بھی ایسا کروں، مگر ان کے رعب و دبدبے کی وجہ سے ہمت نہ ہوتی تھی۔
یوں لگتا ہے جیسے اردو کہیں نہ کہیں میری رگوں میں بسی ہوئی تھی۔ میں نے دو مرتبہ اردو سیکھنے کی کوشش کی۔ پہلی بار اسکول میں ایک مسلمان دوست سے خواہش ظاہر کی۔ اس نے مجھے حروف تہجی سکھائے، لیکن چند ہی دن میں سلسلہ ٹوٹ گیا۔ دوسری کوشش دفتر میں ہوئی، جب ایک ساتھی نے میری درخواست پر جامع مسجد سے اردو کا قاعدہ لا کر دیا۔ مگر یہ شوق اس وقت ایک ضرورت میں بدل گیا جب میں نے سکھوں کی تاریخ اور پنجاب کی تقسیم پر تحقیق شروع کی۔ تب معلوم ہوا کہ بیشتر ماخذ اردو میں ہیں۔ میرے سامنے دستاویزات کے ڈھیر ہوتے لیکن استفادہ نہ کر پاتی تھی۔ ترجمہ ہمیشہ مکمل نہیں ہوتا ہے۔ یہ اکثر روح سے خالی ہوتا ہے۔ یوں براہِ راست مطالعہ اور تجزیے کے لیے اردو سیکھنا لازم ہو گیا۔
سوال : اردو سیکھنے کے اس سفر میں سب سے بڑا چیلنج کیا رہا؟
جواب : سب سے بڑی مشکل یہ تھی کہ کوئی ایسا استاد ملے جو میری مصروفیات کے مطابق وقت دے سکے۔ خوش قسمتی سے ایک سینئر ساتھی نے قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے ڈپلومہ کورس کی طرف رہنمائی کی۔ اتفاق دیکھیے کہ اس کا ایک مرکز میرے گھر سے محض ایک کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، جس کے نگراں مولوی سلیم صاحب تھے۔
مولوی صاحب نے نہایت خلوص سے میرا استقبال کیا اور میرے جذبے کو سراہا۔ چونکہ اخبار میں رپورٹنگ کا کوئی باقاعدہ وقت نہیں ہوتا تھا، میں اکثر کلاسوں سے غیر حاضر رہتی تھی۔ مگر مولوی صاحب نے میرے لیے اپنا وقت ترتیب دیا اور میری سہولت کے مطابق شیڈول بنایا۔ میں کوئی مثالی طالبہ نہیں تھی۔ دفتر کا دباؤ، دہلی کی سیاسی ہلچل اور گھریلو ذمہ داریاں، ان سب میں اکثر ہوم ورک ادھورا رہ جاتا۔ لیکن مولوی صاحب بڑے صابر اور شاکر تھے۔ ایک سال کا ڈپلومہ مجھے دو سال میں مکمل کرنا پڑا۔
سوال : کیا آپ کو لگتا ہے کہ ہندوستان میں اردو میڈیا کو وہ مقام مل رہا ہے جس کا وہ حق دار ہے؟
جواب : اصل سوال یہ ہے کہ کیا اردو زبان کو ہی وہ اہمیت مل رہی ہے جس کی وہ مستحق ہے؟ کبھی شمالی ہند کی زبان اور گنگا جمنا تہذیب کی علامت، اردو کو آج محض ایک مذہب کی زبان قرار دیا جا رہا ہے، جو نہایت افسوس ناک ہے۔ جہاں تک اردو میڈیا کا تعلق ہے تو حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کا پہلا صحافی اردو میں لکھتا تھا۔ مگر آج اس کی حالت بھی وہی ہے جو اردو زبان کی ہے۔ اس کا دائرہ محدود ہو گیا ہے جو زیادہ تر مسلمان ہیں۔ نتیجتاً اردو میڈیا، مسلم میڈیا کہلا کر رہ گیا ہے، اسی لیے اسے وہ اہمیت نہیں ملتی جس کا وہ اصل میں مستحق ہے۔ اس میں کچھ قصور اردو میڈیا کا بھی ہے۔ کون اردو اخبار رپورٹر کے علاوہ رپورٹنگ پر بجٹ رکھتا ہو، تاکہ رپورٹر گراونڈ پر دور دراز علاقوں میں جاکر خبر لے آئے۔ اردو اخبارات میں زیادہ تر انگریزی یا دیگر اخبارات سے اٹھائی گئی خبروں کا ترجمہ ہی ہوتا ہے۔ اوریجنل رپورٹنگ کی طرف رجحان کم ہے۔ ہاں کچھ ادارے جیسے وائر وغیرہ کا اردو ایڈیشن، وہاں چند اوریجنل کالم ہوتے ہیں۔ ہاں، اردو اخبارات کے ایڈیٹوریل و ادارتی مضامین منفرد ہوتے ہیں۔ مگر یہ صحافت کا بس ایک حصہ ہے۔ اصل صحافت تو اوریجنل رپورٹنگ ہوتی ہے۔
سوال : جب آپ اردو میں لکھتی ہیں تو موضوعات کے انتخاب یا اظہار میں کیا فرق محسوس کرتی ہیں؟
جواب : موضوع کا انتخاب تو ویسا ہی رہتا ہے جیسا ہندی یا انگریزی میں ہوتا ہے۔ بطور صحافی تو میں بھی موجودہ حالات پر ہی لکھتی ہوں۔ ہاں، لیکن فرق اظہار کا ہے۔ میں انگریزی میں دماغ سے لکھتی ہوں، مگر اردو میں دل کا استعمال کرتی ہوں۔ اردو مجھے محض پیشہ ورانہ انداز سے نہیں لکھواتی بلکہ مجھے موضوع میں ڈبو دیتی ہے۔ انگریزی میں لکھا کالم وقت کے ساتھ بے رنگ ہو جاتا ہے، لیکن اردو میں لکھا ہوا برسوں بعد بھی تازہ لگتا ہے۔ جب میں نے اپنے اردو کالموں کو کتابی شکل دی تو دو تین سال بعد بھی وہ اسی طرح کا إحساس کرواتے تھے اور متعلق لگتے تھے، جیسا لکھتے وقت تھے۔ جس طرح اردو میں آپ اپنے قاری کو اپنے ساتھ لے کر چلتے ہیں، انگریزی میں وہ ناممکن ہے۔ اردو ہے ہی ایسی زبان کا نام، جو دل سے نکلی ہوئی ہو۔ اس میں احساسات اور جذبات کو بیان کرنا بہت ہی آسان ہوتا ہے، دیگر زبانوں کے مقابلے۔
سوال : نوجوان صحافیوں سے کیا کہیں گی جو اردو سے جڑے رہنا چاہتے ہیں مگر تذبذب کا شکار ہیں؟
جواب : حکومت کی بے اعتنائی، اسکو ایک مذہب کے ساتھ جوڑنے اور ملک کی موجودہ صورت حال نے اس زبان کا مستقبل مخدوش بنایا ہے۔ ۔ اس ماحول میں صحافیوں کا غیر محفوظ اور غیر مستحکم محسوس کرنا فطری ہے۔ میں خود کو اتنا بڑا نہیں سمجھتی کہ نصیحت کر سکوں، لیکن ایک صحافی کے طور پر میرا یقین ہے کہ اگر کوئی کہانی سنائے جانے کے لائق ہے تو اسے عوام تک ضرور پہنچنا چاہیے۔ اور ایک اچھی کہانی اپنی طاقت سے اثر ڈالتی ہے، خواہ وہ کسی بھی زبان میں کیوں نہ بیان کی جائے۔ تفتیشی اور اوریجنل صحافت کی طرف توجہ دی جائے، تو یقینا تما م تر مشکلات کے باوجود مستبقل تابناک ہو سکتا ہے۔
انٹرویو : اشرف علی بستوی
نوٹ : یہ انٹرویو پریس کلب آف انڈیا کی میگزین ، دی اسکرا ئبس کے لیے لیا گیا تھا

