این ڈی ٹی وی انڈیا کے مقبول ترین اینکررویش کمار سے اس خصوصی انٹر ویو میں ان کے صحافتی کیرئر، سماجی ایشوزسے دل چسپی، مسلم معاشرے کی خبروں اورمسلم مسائل کے تئیں نیوز چینلوں کی عدم دلچسپی کی اصل وجہ جاننے کے علاوہ صحافت کے میدان میں سرگرم نئی نسل اور آنے والے دنوں میں اس میدان میں قدم رکھنے والے نو جوانوں کے لیے پیغام، موجودہ صحافت کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی ممکنہ شکلوںپربات چیت کی کوشش کی گئی ہے۔پینل ڈسکشن میں اپنے ہر سوال کا سیدھا جواب طلب کر نے والے رویش کمار نے بڑے کھلے دل سے ہر سوال کا جواب دیا ہے:
سوال: آپ نے صحافت کب اور کیسے شروع کی؟
جواب: ہمارے استاذ نے ایک بار مجھ سے کالج میں کہا تھا کہ تمہیں صحافت کا پیشہ اختیار کر نا چاہیے، بس یہیں سے میرا صحافتی سفر شروع ہو گیا۔ 1995-96 سے ہی ہندی روزنامہ’ ’جن ستا‘‘ اور کچھ دیگر اخبارات میں لکھنا شروع کر دیا تھا۔ البتہ این ڈی ٹی وی میں ہی آکرباقاعدہ رپورٹنگ کی تربیت حاصل کی اور کام کرنا سیکھا۔
سوال: سما جی مسائل سے متعلق خبروں تک پہنچنے کا آپ کا طریقہ اور سمجھ دوسروں سے بالکل مختلف ہے،دیگر چینلوں میں عام طور پریہ مزاج نہیں پایا جاتا، دہلی کی چمک دمک کے درمیان عام لوگوں سے وابستہ معاشی،سماجی اور سیاسی مسائل پر نظر رکھنا آپ کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا، یہ کام کیسے انجام دیتے ہیں؟ اور یہ سب کچھ کر نے کی آزادی آپ نے اپنے چینل سے کیسے حاصل کی ہے؟
جواب: جی ہاں !مجھے خود بھی یہ حیرت انگیز لگتا ہے کہ اگر میں کسی دوسرے چینل میں ہوتا، تو کیا مجھے یہ سب کچھ کرنے کی اتنی آزادی مل پاتی؟ شاید نہیں ملتی! مگرمیں نے کسی دوسری جگہ نو کری کی ہی نہیں ہے، تو پھر یقین کے ساتھ یہ دعویٰ تو نہیں کر سکتااور پھر میں یہ کیسے کہہ دوں کہ دوسرے مجھے کرنے نہیں دیتے؛ لیکن میں نے بھی تو یہاں ایک جگہ رک کر کام کیا اور ایک جگہ ٹھہرکر کام کر نے کی بہت ساری قیمت بھی چکانی پڑتی ہے۔آپ ایک ہی جگہ پررہ گئے ، آپ نے اپنی صلا حیت کو لے کر کبھی بارگیننگ نہیں کی،تو اس کی بھی ایک قیمت ہوتی ہے۔ دراصل بعض باتیں میری فطرت میں داخل ہیں، یہ میری فطرت میں ہے کہ ہمیشہ کچھ نیا تلاش کرتا رہتا ہوں، البتہ میں پہلے سے کچھ طے نہیں کرتا۔ ہاں کسی چیز کے اس پہلو کو ،جسے سبھی لوگ دیکھ رہے ہوتے ہیں، میں اس میں ذرا الگ پہلو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہوں، کسی منظر کے دوسرے پہلو کو دیکھنے کا میرا یہی نظریہ مجھے دوسروں سے الگ کرتا ہے۔
سوال: ہم نے آپ کو متعدد بار لائیو رپورٹنگ کرتے دیکھا ہے ، آپ آس پاس کے ماحول سے متاثر ہوئے بغیر اور جذبات میں آئے بغیر، کسی کا رنگ اختیار کر لینے کے بجائے ہمیشہ غیر جانب دار رہ کر اپنے ناظرین کو بار بار یہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ آج اسٹیج سے کیے گئے یہ وعدے اور دعوے آیندہ یاد رکھیں ۔ اس کا ایک منظر ہم نے 28 دسمبر 2013 کو اروند کیجریوال کی پہلی حلف برداری تقریب کی رپورٹنگ کے وقت دیکھا تھا۔ گویا اپنے ناظرین کو نصیحت کرنے ،انہیں ایجوکیٹ کرنے کا آپ کا یہ انداز ہے؟
جواب: دیکھیے! یہ بھی تربیت کی وجہ سے ہی ہے، ایسے منظر تو ہم نے اپنی اس چھوٹی سی عمر میں بہت دیکھے ہیں، ہم سے زیادہ عمر کے لوگوں نے اور بھی دیکھا ہے کہ جب کوئی لیڈر حلف لے رہا ہوتا ہے ،تو اس وقت ہرطرف مسرت و شادمانی کا ماحول ہوتا ہے، پارٹی کارکنوں کے لیے خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ یہ سبھی پارٹیاں کرتی ہیں ۔میرا ماننا ہے کہ لوگوں کو ووٹ دینے کے بعد سیاسی پارٹیوں سے خود کوتھوڑا الگ کر لینا چاہیے، نیز انہیں اب ایک شہری کا کردار اختیار کر لینا چاہیے اور باقاعدہ یہ اعلان کر دینا چاہیے کہ آج کے بعد سے ہم کسی پارٹی کے حامی نہیں ہیں، سرکار کے کام کاج پر نظر رکھنا چاہیے، اگلے پانچ سال تک اسی حالت میں رہنا چاہیے، اپنے آس پاس ہونے والی تبدیلیوں پرگہری نظر رکھنی چاہیے ،ملک اور ریاست میں ہونے والی تبدیلیوں کا سختی سے جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔ دراصل کسی لیڈر کو اس کا شوق پورا کرنے کے لیے وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ نہیں بنایا جاتا ہے،اسے کام کرنے کی ایک ذمے داری دی جاتی ہے؛ لیکن آج کل الیکشن کے اس عمل کو بہت زیادہ متاثر کن اور جاذب نظر بنانے کے لیے غیر ضروری چھوٹی چھوٹی اسکیموں کے بینرز و پوسٹرزاور ہورڈنگز لگائی جاتی ہیں۔ سیاست میں سادگی بھی تو کوئی چیز ہوتی ہے ،آپ اس کے بجائے اپنے کام کے ذریعے لوگوں تک پہنچیں، یہ بھی تو رابطے کا ایک ذریعہ ہو سکتا ہے۔ اب تو سیاسی ریلیوں کے اشتہاربھی ایف ایم چینلوں پر دیے جانے لگے ہیں۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ سبھی پارٹیاں اس معاملے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہی ہیں۔ عوام کے پیسے اگر دو اسپتالوں کو ٹھیک کرنے میں لگا دیں اور اسی کو نمونے کے طور پر پورے شہر کو دکھا دیں، تو کیا یہ کم بڑی بات ہوگی؟ لوگوں کوخود بھی توتھوڑا خبر دار رہنا چاہیے۔ ملک کے عوام اپنے جذبات میں سیاست کا تناسب جتنا کم رکھیں گے، ان کے حق میں اتنا ہی اچھا ہو گا۔
سوال: آج سے کوئی ڈھائی برس قبل آپ نے ’’نیوز لا نڈری ڈاٹ کام‘‘ کو دیے گئے اپنے ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ’’مجھے لٹینس زون کی لال پتھر پترکاریتا میں کو ئی دل چسپی نہیں ہے ،میں نے این ڈی ٹی وی کے اس آفر کو کو منع کر دیا تھا‘‘ ایسا کیوں؟ جبکہ موجودہ صحافت میں پارلیمنٹ رپورٹنگ کو تو صحافت کی معراج تصور کیا جا تا ہے؟
جواب: دراصل میرے لیے تو ’’معراج ‘‘ کوئی اچھی اسٹوری ہے، وہ جہاں کہیں بھی ملے ،میں اس کی تلاش میں رہتا ہوں، ایسا میری فطرت کے خلاف ہے، مجھے ایسی جگہوں پر جا کر کچھ حاصل کرنا پسند نہیں ہے؛ کیونکہ ان مقامات پر بس وہی دس بارہ لوگوں سے ملنا ، وہاں کی ہلچل پر نظر رکھنا ہوتا ہے ،آج کس نے کیا کہا، کیا نہیں کہا وغیرہ؛حالا نکہ یہ بھی پیشہ ورانہ کام ہے۔ جب میں پرانے لوگوں کو دیکھتا، تو خود سے یہ سوال کرتا کہ کیا میں انہی کے جیسا بن جاؤں ؟اور میں بالکل ان کے جیسا نہیں بننا چاہتا تھا، جہاں یہ سب ہوتا ہے کہ کس نے کیا کہا، کس کی کیا حرکت ہے؟ کسی کی ذاتی دلچسپی کیاہے؟ یہ سب کچھ سمجھنے اور لکھنے میں مجھے کوئی دل چسپی نہیں ہے۔ آپ کتنے بڑے سیاست داں ہیں ،اس کا صحیح اندازہ آپ کی زمینی کار کردگی طے کرتی ہے؛ اس لیے آئیے ہم زمین پر چل کر دیکھ لیتے ہیں کہ آپ نے کیا کیا ہے؟ کتنا کام ہوا ہے ؟ اسی لیے ایسی جگہوں پر میرا دل نہیں لگا، مجھے یہ خواہش نہیں ہوتی کہ میں گاڑی سے جا رہا ہوں اورلوگ مجھے سلام کریں؛ بلکہ میری تو خواہش یہ ہوتی ہے کہ مجھے کم سے کم لوگ پہچا نیں۔ میرے نزدیک ایک رپورٹر کے لیے آئیڈیل یہی ہے کہ وہ دنیا کو د یکھے، دنیا اس کو نہ دیکھے۔
سوال: ہندوستانی مسلم سوسائٹی کی مین اسٹریم میڈیا ،خصو صا نیوز چینلوں سے یہ شکایت ہے کہ ان سے متعلق زیا دہ تر خبریں نظر انداز کر دی جاتی ہیں یا بہت کم دی جاتی ہیں اورجودی جاتی ہے ،اس میں منفی پہلو حاوی رہتا ہے، اس کی اصل وجہ کیا ہے؟
جواب: سمجھنے کی بات یہ ہے کہ اس مسئلے کی جڑ میں سیاسی مفاد کار فرما ہے، مسلم معاشرہ ہو، دلت یا کوئی اور کمزور طبقہ سبھی کی میڈیا سے یہی شکایت ہے۔ یہی شکایت اعلیٰ طبقے کے لوگ بھی کر سکتے ہیں کہ ہماری شبیہ خراب کی جارہی ہے؛ حا لا نکہ یہی طبقہ میڈیا کو کنٹرول کرتا ہے، اس پر اپنا اثر رکھتا ہے۔ یہ صورت حال صرف ہندوستان ہی نہیں ؛بلکہ پوری دنیا میں ہے، ایک خاص طریقے کی شبیہ گڑھی جاتی ہے؛ لیکن ایسی بات بھی نہیں ہے کہ صرف یہی ایک تصویر ہے ،اسی میڈیا میں ان سب کی مذمت کرنے والے مسلم رائٹر بھی ہیں، ہندو، سکھ اور عیسائی لکھنے اور بولنے والے بھی ہیں؛ لیکن شبیہ بگا ڑنے کی یہ مہم ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ اس میں کام کرنے والے لوگ ہیں ،ان کے درمیان وہی کشمکش ہے ،جو ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہے اور پھر اس میں ایک بڑا رول اڈیٹر کا ہو جاتا ہے کہ وہ کیسے اپنے رپورٹر یا لکھنے والے کو گائیڈ کرتا چلے کہ وہ خبر لکھتے وقت کسی طرح کی خاص شبیہ نہ ابھرنے دے۔ سچ مچ یہ صورت حال بہت تکلیف دہ ہے ،میں اس تکلیف کو اگر مسلمان اور دلت ہوتا ،تو زیادہ محسوس کر پاتا۔ اس وقت جب ایک شخص یا ایک طبقے کو ایک خاص پہچان دے کر الگ کر دیتے ہیں اور پھر جب بات کرتے ہیں کہ آپ تو ایسے ہیں اور ایسے ہی ہوں گے، تو اس سے اس سماج یا فرد پر کیا گزرتی ہو گی، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سوال: جب ایک شخص دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہوتا ہے، تو ہمارا میڈیا مستقل خبریں نشر کرتا ہے اور جب وہ عدالت سے باعزت بری ہوتا ہے، تو اس وقت ہمارے چینلوں اور اخباروں کو کیا ہو جا تا ہے؟ عدالت سے باعزت بری ہونے والے کے ساتھ میڈیا خود کو کیوں نہیں کھڑا کر پاتا؟ گرفتاری کے بعد گھنٹوں پینل ڈسکشن نشر کرنے والے یہ چینل بے قصوروں کی باعزت رہائی پر مجرمانہ خاموشی کیوںاختیار کر لیتے ہیں؟
جواب: کچھ معاملات میں، جیسے اکشر دھام اور احمدآباد دھماکوں کے الزام سے جب کچھ لوگ بری کیے گئے تھے، تو اس کی رپورٹنگ ہوئی تھی؛ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس طرح کے معاملات کو ہماری سیاست خاطر میں نہیں لاتی کہ اس معاملے کولے کر سماج کے پاس جائے، اگر ہر واقعے کو ہندو مسلمان کے نظریے سے دیکھنے کے بجائے قانون کے نظریے سے دیکھیں ،تو کیا ہی اچھا ہوتا ہے۔ جی ہاں یقینی طور پر ایسے ایشوز کو اٹھانے ،ان پر بات کرنے کے لیے موجودہ میڈیا میں گنجائش ذرا کم ہے۔ کئی بار مجھے بھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ میڈیا تو دس فیصد لوگوں کابھی نہیں ہے۔ یہ بات آگے تب بڑھے گی، جب ہندوستانی سماج کے سبھی لوگ مشترکہ طور پر اسے لے کر آگے بڑھیں ،اسے ڈبیٹ کا حصہ بنائیں،آپ کی یہ بات درست ہے کہ بعض واقعات میں میڈیا میں اس کا ذکر تو ہوتا ہے؛ لیکن بات آئی گئی ہوجاتی ہے، بس اپنے ریکارڈ میں درج کرلینے تک کے لیے ہی ہوتی ہے۔ ایسے موقعوں پر نہ تو میڈیا اور نہ ہی سیاست موقع کا فائدہ اٹھا کر معاشرے میں موجود فرقہ وارنہ ذہنیت کے خلاف کھڑی ہوتی ہے، باعزت بری ہونے کی ان خبروں کے سہارے فرقہ پرست قوتوں پر حملہ کیا جا سکتا ہے؛ لیکن ایسا ہو تا نہیں ہے ۔
سوال: موجودہ دور میں صحافت کو درپیش چیلنجز کیا ہیں؟
جواب: ہر دورمیں صحافت کو دشواریوں کا سامنا رہاہے، صحافت کا زریں دور کبھی نہیں رہا،ہر دور میں اچھی اور بری صحافت کر نے والے لوگ رہے ہیں اور صحافت میں ہمیشہ جدو جہد کر نے والے بھی رہے ہیں۔ ہم تو لکھنا چاہتے ہیں ؛لیکن جس پلیٹ فارم پر لکھنا چاہتے ہیں، وہ کسی اور کا ہے، لہذا کشمکش جاری رہتی ہے۔ کوئی ایسا دورماڈل کے طور پر نہیں رہا ہے، جسے صحافت کا پیما نہ قرار دیا جا سکے۔ اگر آپ کوئی پیما نہ بنا بھی لیں ،تو نشریاتی ادارہ تو کوئی اور چلا رہا ہے، اس کے اپنے مفادات ہوتے ہیں اور جب اس کے مفادات متا ثر ہوں گے، تو وہ پیما نہ بھی ٹوٹے گا ،کوئی بھی ادارہ نہیں چاہتا کہ اس کی منشاکے خلاف کوئی نظام قائم ہو جائے یا کوئی بااختیار اڈیٹر آجائے، یہ سب دشواریاں تو ہیں؛ لیکن اس کے باوجود میں نہیں مانتا کہ معاشرے میں میڈیا کی ضرورت کبھی ختم ہو جائے گی۔ امید افزا بات یہ ہے کہ تمام تر مسائل و دشواریوں کے باوجود آج بھی کچھ لوگ سوال کرنے کی جگہ نکال ہی لیتے ہیں اور عوام کے اعتماد کو کسی نہ کسی درجے میں اب بھی بر قرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سوال: آپ نے ایک بار اپنے ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ’’ میں نے اس پیشے میں پندرہ برس گزار ے ہیں ، اب یہ پیشہ خراب ہو گیا ہے‘‘۔ یہ کہتے ہوئے آپ کے لہجے میں بے اطمینانی اور کرب دکھا ئی دے رہا تھا، ایسا کیوں؟
جواب: جی ہاں! صحیح معنوں میں اب اس پیشے میں میرا دل نہیں لگتا ہے، پریشان تو ہوں؛ لیکن بہت غور و فکر کے بعد یہ نتیجہ نکل کر آتا ہے کہ اس کا حل میرے پاس نہیں ہے۔ ہم اچھا لکھ سکتے ہیں ،کوئی ہمیں اچھا لکھنے کا موقع فراہم کردے ،اس کا انفراسٹریکچر ہمارے پاس تو نہیں ہے اور جب مجھے اپنے حدود کا احساس ہوتا ہے ،تو پھر یہی خیا ل ذہن میں آتا ہے کہ اگر میرے پاس کوئی موقع ہوتا، تو میں اسے چھوڑ کر چلا جاتا ؛لیکن مجھے سیاست بھی نہیں کرنی ہے، میرے من کی بات یہ ہے کہ میرا دل اب صحافت میں با لکل بھی نہیں لگ رہا ہے۔
سوال: صحافت کے میدان میں سرگرم نئی نسل کی رہنمائی کے لیے آپ کا پیغام؟
جواب: صحافت کے میدان میں کیریر بنانے کے خواہش مند وں سے میں کہنا چاہوں گا کہ پڑھیں، پڑھیں اور خوب پڑھیں۔ جو کچھ وہ جانتے ہیں ،اسے کبھی بھی مکمل نہ ما نیں ، روزانہ اپنی جانکاری کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں، نئی نئی کتابوں کا مطالعہ کریں، لوگوں سے ملیں اور ہر خبر کے دوسرے پہلو کو تلاش کر تے رہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم موجودہ روایتی میڈیا کا متبادل تلاش کریں ، ویب سائٹس اور بلاگس کے ذریعے ہی سہی ،اپنے خیالات و احساسات کو عام کریں، بہتر چیزوں کو عوام تک پہنچانے کا کام Alternative Media سے کسی حد تک کیا جا سکتا ہے۔ اگر روزانہ اخباروں کی رپورٹنگ پر ہی ایک تجزیہ اپنے بلاگ یا ویب سائٹ پر پیش کردیں، تو اس سے کچھ لوگوں تک تو بات پہنچ جائے گی۔ انسا نی سماج کو کوئی میڈیا ،کوئی سیاسی جماعت ایک دن میں نہیں بدل سکتی ،یہ بہت طویل عمل ہے۔ اس پیشے میں وہی لوگ آئیں ،جو دل سے آنا چاہتے ہوں ،جن کا اعتماد زمانے کے اتار چڑھاؤ سے متزلزل نہ ہو، وہ نئے نئے علاقوں میں جائیں ،نئے نئے سبجیکٹس تلاش کریں ،خود جا نیں اور پھر اس کے بارے میں سماج کو بھی بتائیں ۔یہ باتیں ایک صحافی کے مزاج کا حصہ ہو نی چاہئیں۔
22 اپریل 2016
انٹر ویو : اشرف علی بستوی

