قومی اردو کونسل کے سابق ڈائریکٹر جلد مانو میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گے؛ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے ان کی علمی و انتظامی صلاحیتوں کا کیا اعتراف
نئی دہلی: (ایشیا ٹائمز) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال جلد ہی حیدرآباد میں واقع مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) سے وابستہ ہونے جا رہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ یونیورسٹی میں ایک اہم ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اگرچہ ان کی نئی ذمہ داری کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم ان کی مانو سے وابستگی کی خبر اردو علمی و ادبی حلقوں میں اہمیت کی حامل ہے ۔ان کے چاہنے والے آج صبح سے ہی ان کی ایک فیس بک پوسٹ پر جس انداز میں اظہار خیال کر رہے تھے اس سے یہ ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ دوبارہ اردو کے فروغ میں سرگرم رول نبھانے والے ہیں ۔
پروفیسر عین الحسن کی دور اندیشی اور انتخاب
اس موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فارسی و اردو کے ممتاز دانشور پدم شری پروفیسر عین الحسن کی بھی ستائش کی جانی چاہیے، جنہوں نے ڈاکٹر شمس اقبال کی گوناگوں صلاحیتوں، تجربے اور علمی و انتظامی فعالیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی سے وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات بتانے سے گریز، جلد حیدرآباد روانگی کی تصدیق
ایشیا ٹائمز نے اس سلسلے میں ڈاکٹر شمس اقبال سے رابطہ کرکے ان کی نئی ذمہ داری کے حوالے سے تفصیلات جاننے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے حسبِ عادت زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ البتہ اتنا ضرور کہا کہ وہ جلد ہی حیدرآباد جائیں گے۔
صبر، استقامت اور کارکردگی سے بنائی اپنی شناخت
ڈاکٹر شمس اقبال کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو ان کا غیر معمولی صبر اور استقامت ہے۔ اپنے پیشہ ورانہ سفر کے دوران انہیں مختلف نوعیت کی مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ اپنی سرگرمیوں، پیشہ ورانہ فعالیت اور کارکردگی کے ذریعے انہوں نے چند افراد کو چھوڑ کر بیشتر حلقوں کو متاثر کیا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اردو زبان و ادب اور تعلیمی و انتظامی شعبوں میں اپنے تجربات رکھنے والے ڈاکٹر شمس اقبال مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اپنی صلاحیتوں کے کون سے نئے جوہر دکھاتے ہیں۔
ایشیا ٹائمز کی جانب سے ڈاکٹر شمس اقبال کو ان کے نئے سفر کے لیے دلی مبارک باد اور نیک خواہشات۔ امید ہے کہ وہ حیدرآباد میں بھی اپنی فعالیت اور کارکردگی سے اردو زبان و تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

