ڈاکٹر شمس اقبال کی فیس بک پوسٹ سے قیادت کی تبدیلی کا اشارہ
نئی دہلی: ایشیا ٹائمز l قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (NCPUL) میں ڈائریکٹر کی تبدیلی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کونسل کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے اتوار کی صبح اپنی فیس بک پوسٹ کے ایک کمنٹ میں نئے ڈائریکٹر کی آمد کی اطلاع دیتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر شمس اقبال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج ان کے لیے اور قومی اردو کونسل کے لیے ایک نئی صبح ہے۔ انہوں نے اپنے احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی محبتیں اور تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ ایک ایسے ’’شوخ اور شرمیلے بچے‘‘ کو تلاش کرنے نکل پڑے ہیں جو ان سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے نئے ڈائریکٹر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین منتظم اور اچھا انسان قرار دیا۔
نئے ڈائریکٹر کا نام ابھی واضح نہیں
ڈاکٹر شمس اقبال کی اس پوسٹ کو قومی اردو کونسل میں قیادت کی تبدیلی کے بعد نئے ڈائریکٹر کی آمد کی اطلاع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے فیس بک کمنٹ میں نئے ڈائریکٹر کا نام اور ان کی تقرری سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر شمس اقبال 30 اکتوبر 2026 کو قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کی سبکدوشی کے بعد کونسل کی نئی قیادت کے حوالے سے اردو حلقوں میں تجسس پایا جا رہا تھا۔
قومی اردو کونسل وزارت تعلیم، حکومت ہند کے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تحت کام کرنے والا اہم ادارہ ہے، جو اردو زبان کے فروغ، اشاعت، تعلیم اور ترویج کے لیے سرگرم ہے۔
سرکاری تصدیق کا انتظار: قومی اردو کونسل کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ڈائریکٹری میں فی الحال ڈاکٹر شمس اقبال کا نام ہی ڈائریکٹر کے طور پر درج ہے۔ اس لیے نئے ڈائریکٹر کے نام اور تقرری کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔
ایشیا ٹائمز اس تقرری سے متعلق مزید تفصیلات اور نئے ڈائریکٹر کے نام کی باضابطہ تصدیق کا منتظر ہے۔

