دی کوئنٹ کی شریک بانی ریتوکپورسے گفتگو
ریتو کپور www.thequint.com انگریزی و ہندی کی شریک بانی ہیں،اس سے قبل انھوں نے سی این این آئی بی این میں طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہیں، عوام سے میڈیا کا راست تعلق قائم کرنے کے لیے سب سے پہلے سٹیزن جرنلسٹ کا خاکہ پیش کرنے والی ریتو کپور ہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کوئنٹ بہت ہی کم عرصے میں آن لائن صحافت میں اپنا نمایاں مقام بنانے میں کامیاب رہاہے، کئی اہم خبروں کی بریکنگ کوئنٹ کے ہی حصے میں آئی، انڈیا میں انٹرنیٹ پر خبروں کو نیاانداز اور معیار عطا کرنے میں کوئنٹ کا اہم رول ہے،اب تک کئی ایوارڈز بھی حاصل کر چکا ہے۔ یقینا راگھو بہل اور ریتو کپور کا الیکٹرانک میڈیا سے نکل کر آن لائن صحافت میں قدم رکھنا ایک اہم فیصلہ ثابت ہوا ہے اور ویب جرنلزم کو نئی راہ ملی ہے۔ ویب جرنلزم میں کوئنٹ کی اس کامیاب کوشش کو منظر عام پر لانے کے لیے راقم نے ایشیا ٹائمزکے لیے ریتو کپور سے یہ انٹر ویو کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ ہندوستان کا ویب جرنلزم کس مرحلے میں ہے، عالمی سطح پر اس کاکیامقام ہے؟ اس کے سامنے کون کون سے چیلنجز ہیں اور اس کا مستقبل کیا ہے؟ اس میدان میں قدم رکھنے والوں کو کن رہنما خطوط پر چلنا چاہیے؟ذیل میں ان سے گفتگو کے اقتباسات پیش کیے جاتے ہیں:
سوال: پہلے ہسٹری چینل میں پروگرامنگ ہیڈ، پھر سی این این آئی بی این میں فیچر ایڈیٹر۔سٹیزن جرنلسٹ کا آئیڈیا دینے کے ساتھ ساتھ آپ نے اپنے صحافتی کریر میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں اور اب آپ نے نیوز ویب سائٹ www.thequint.comلانچ کی ہے ۔یہ بتائیں کہ آپ نے صحافت کب اور کیسے شروع کی؟
جواب: یہ عجیب اتفاق ہے کہ جب میں اپنے کریر کے شروعاتی دنوں میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ایم اے( ماس کام) کرہی تھی، تو اس وقت بچوں کے لیے پروگرام بنانا چاہتی تھی، یہ اس زمانے کی بات ہے، جب کارٹون نیٹ ورک نہیں تھے؛ لیکن بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی ارادے سے نکلتے ہیں اور حالات و واقعات کچھ ایسے پیدا ہوتے چلے جاتے ہیں کہ پھر وہی آگے چل کر آپ کے مستقبل کا رخ طے کردیتے ہیں، کئی برس تک میں فیچر کے میدان میں ہی رہی، یعنی لائف اسٹائل، ہیلتھ پر کام کرتی رہی؛ لیکن اس کے ساتھ ساتھ سوشل ایشوز سے بھی ہمیشہ وابستہ رہی، جب ہم کچھ دیکھیں، کچھ پڑھیں اور اس کے بارے میں کچھ کریں نہیں، تو ایک عجیب سی بے چینی پیدا ہوتی ہے۔ اسی بے چینی کی کیفیت نے مجھے فیچر جرنلزم سے سٹیزن جرنلزم کی طرف راغب کیا، پھر میں نے سٹیزن جرنلزم کا پروگرام شروع کیا؛ لیکن اب سٹیزن جرنلزم کا پروگرام بنانے کی ضرورت نہیں رہی؛ کیونکہ آج کے سٹیزن کو اپنی آواز بلند کرنے کے اتنے ذرائع مل گئے ہیں کہ اب انہیں اس بات کا انتظار نہیں رہ گیا ہے کہ کوئی ان کی بات کو پہنچا ئے۔کم ازکم شہری ہندوستان میں اب یہ بات نہیں رہ گئی ہے کہ عوام کی آواز کوکوئی دبا سکے اور دیہی علاقوں سے بھی آواز اٹھنا شروع ہو چکی ہے۔ ہندوستان کے عوام اب اپنے من کی بات کہنے سے ہچکچاتے نہیں ہیں۔ میرے لیے یہ بہت بڑی چیز ہے، لوگوں کی اصل رائے جاننے میں مجھے بڑی دل چسپی رہی ہے، جس طرح سے آج عام آدمی زمینی حقائق سے واقف ہے۔ ہمیں نیوز روم میں بیٹھ کر اس کا صحیح اندازہ ہو ہی نہیں سکتا، کبھی ایک رپورٹ جا کر کر لی، اس سے ہم صحیح معنوں میں زمینی صورت حال کو سمجھ ہی نہیں سکتے ہیں،پہلے ہم سی این این آئی بی این میں سٹیزن جرنلزم کرتے تھے، بعد میں ہم نے اسے آئی بی این سیون پر بھی شروع کیا ،اس سے ہماری رسائی دور دراز تک ہوگئی۔ سٹیزن جرنلزم نے ہماری بلیٹن کی پیش کش کی ترتیب بدل دی تھی۔ مثال کے طور پر اس وقت سون بھدر میں کیا ہو رہا ہے،انگریزی نیوز چینل کبھی وہاں جا کر اسٹوری نہیں کرتے،جبکہ سٹیزن جرنلسٹ اس میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔
سوال: بحیثیت خاتون جرنلسٹ، جرنلزم کے میدان میں آپ کو کن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا؟
جواب: صورت حال گزشتہ 20 برس میں کافی تبدیل ہو گئی ہے، میں نے جب 1991میں میڈیا میں قدم رکھا تھا، اس وقت صرف دور درشن تھا۔ ایک لڑکی ہونے کی وجہ سے مجھے کام کرنا بہت مشکل لگتا تھا، کئی دفعہ آؤٹ ڈور شوٹ کے لیے جانا پڑتا، جو کافی مشکلوں بھرا ہوتا،کافی تکلیف دہ تجربات رہے ہیں۔ یہ صرف میرے ہی نہیں؛ بلکہ اس وقت جو بھی خاتون اس میدان میں آتی تھی ،اسے ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا تھا؛ لیکن اب حالات بالکل بدل ہو گئے ہیں، لڑکیاںبڑی تعداد میں میڈیا کے میدان میں آرہی ہیں۔اس کا اثر یہ ہوا ہے کہ نوعمرخاتون جرنلسٹ اب اپنے ’’من کی بات‘‘ کرتی ہیں، انہیں کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔ اب منظر نامہ کافی بدل گیا ہے؛ لیکن ایک چیز اب بھی چیلنج بنی ہوئی ہے۔ خواتین کی سکیوریٹی کو آج بھی خطرہ لاحق ہے ،اب بھی ایسا انتظا م نہیں ہے کہ ایک خاتون جرنلسٹ دیر رات ڈیوٹی سے واپس ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہ محسوس کرے، دیر رات کا جرنلزم تھوڑا مشکل ہوجاتا ہے۔
سوال: ایک خاتون کو پروفیشن اور امور خانہ داری دونوں کے درمیان توازن بنائے رکھنے میں کیا مسائل پیش آتے ہیں، آپ ان چیلنجوں کا مقابلہ کیسے کرتی ہیں؟
جواب: ایک ورکنگ خاتون کوہمیشہ ایک قسم کے احساسِ جرم سے جوجھنا پڑتا ہے۔ یہ احساسِ جرم گھر کے انتظام وانصرام اور بچوں کی دیکھ بھال کے تئیںہوتا ہے۔ گھر سے دفتر پہنچ کر سب کچھ بھول جانے کا جو معاملہ ہے، اس سے کبھی کبھی دشواری پیدا ہوجاتی ہے ،بعض دفعہ اس کا اثر براہ راست بچوں کی پرورش پرپڑتا ہے اور جب گھر پر ہوتے ہیں ،تو گھر کے کام کے تئیں یہ احساس ستاتا ہے۔ دراصل جرنلزم اور ڈاکٹری کا پروفیشن کچھ گھنٹوں کا نہیں ہوتا ؛بلکہ یہ تو چوبیس گھنٹے کی مصروفیت ہوتی ہے۔کسی بھی پروفیشن میں رہتے ہوئے گھریلو ذمے داریوں کو دیکھنا ایک خاتون کے لیے چیلنج ہے۔ ہماری نسل اسی احساس سے جوجھ رہی ہے ؛لیکن میرے خیال میں ایسا محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بعض اوقات احساس جرم کے پنپنے میںہمارے معاشرے کی سوچ کا بھی بڑا دخل ہوتا ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ معاشرے کا تعاون حاصل ہو؛ تاکہ ایسی پروفیشنل خواتین کو کسی طرح کے احساس جرم سے نہ جوجھنا پڑے۔
ایک جرنلسٹ ہونے کی حیثیت سے میں یہ اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں کہ جو خواتین کسی پروفیشن سے وابستہ ہوتی ہیں، وہ واقعی بہت خاص صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں؛ کیونکہ بیک وقت دونوں محاذ وںکو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا، بہت مضبوط قوتِ ارادی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس معاملے میں سب سے زیادہ مدد گار و معاون مجھے ہندوستان کا مشترکہ خاندانی نظام لگا،اس کی اپنی الگ خوبی ہے۔ میں بہت مطمئن ہوں ،خود میری ماں اور میری ساس اتنا کچھ سنبھالتی ہیں کہ مجھے یہاں آکر کسی اور چیز کی فکر نہیں ہوتی؛ لیکن یہ سہولت سب کو حاصل نہیں ہوتی؛ اس لیے بہت ضروری ہے کہ ایک دوسرے کی مشکلات کو سمجھیں ،اب بڑی حد تک گھر کی ذمے داریوں میں شوہروں کی شراکت داری بھی بڑھ گئی ہے۔
ایسی صورت میں ،جب کہ دونوں کسی پیشے سے وابستہ ہوں، تو سبھی معاملات میں برابر کی ذمے داری ادا کرنی چاہیے ؛کیونکہ جو ورکنگ خاتون ہے، وہ بھی دفتر میں اتنا ہی کام کر کے گھر جا رہی ہے، جتنا کہ ایک مرد۔ البتہ معاشرے کی روایتی سوچ کوبدلنا بہت آسان نہیں ہے ؛کیونکہ یہ ایک مائنڈ سیٹ کو بدلنا ہے،مجھے تو لگتا ہے کہ سبھی مائیں اپنے بیٹوں کو بچپن سے ہی ایسی تربیت دیں ،تو یہ تبدیلی آسان ہو گی، ہمارے معاشرے میں بیٹوں کو یہ باور کرایا جاتا ہے کہ تم اسپیشل ہو؛حالاں کہ بیٹوں اور بیٹیوں میں برابر کا معاملہ کیا جانا چاہیے۔
سوال: آپ اور آپ کے شوہر، دونوں کوئنٹ کے فائونڈر ہیں، آفس کے معاملات میں، اسٹوری، کنٹینٹ اور پالیسی ڈسیزن میں پیش آنے والے تضادات کو کس طرح حل کرتے ہیں؟
جواب: مجھے کوئنٹ کے پالیسی ڈسیزن،اسٹوری کنٹینٹ سمیت سبھی معاملات میں مداخلت کا مکمل حق حاصل ہے اور میں اپنے حق کا بھر پور استعمال کر تی ہوں۔ ہمارے درمیان ہمیشہ توازن بر قرار رہتا ہے، البتہ کچھ میدانوں میں راگھو کا تجربہ مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔
کوئنٹ میں ہمارا نقطۂ نظر یہ رہا ہے کہ ہم اپنے ریڈرس کے لیے اخبارات اور نیوز چینلوں کے خبروں کی پیش کش کے روایتی طریقِ کار سے ہٹ کر چیزیں پیش کریں،ہم نے پہلے دن سے صحافت کے روایتی اندازِ پیش کش کو توڑنے کی کوشش کی ہے، کوئنٹ کا ریڈر 18 سے 35 سال کی عمر کا ہے۔ ہماری اولین کوشش یہ سمجھنے کی ہوتی ہے کہ ہمارا قاری چیزوں کو کس طرح سے دیکھتا ہے؟ اس کی پسند کیا ہے؟ وہ چیزوں پر کس طرح اپنا ردعمل ظاہر کرتا ہے؟ ہم اس کے مزاج اور ضرورت کے مد نظر چیزوں کو پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کس بڑے لیڈر نے کیا کہا، یہ ہمارے لیے بہت اہم نہیں ہے ، ہمارے نزدیک وہ خبر اہمیت کی حامل ہے ،جو ہمارے ریڈرس سے راست تعلق رکھتی ہو۔ میرا فوکس کبھی سیاسی نہیں رہا ہے ،میں جینڈر،ہیلتھ اور سوشل ایشوز پر کام کرتی رہی ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ طنز و مزاح کے ذریعے ذرادلچسپ انداز میں اپنی بات پہنچائی جائے ،تو وہ خبر انٹرنیٹ پر زیادہ آگے تک جاتی ہے۔زیادہ سے زیادہ شیئر ہوتی ہے، اگر وہی موضوع ذرا سیدھے سادے طریقے سے پیش کیا جائے ،تو اس میں لوگوں کی دل چسپی کم ہوتی ہے۔
سوال: ہم دیکھ رہے ہیں کہ quint بہت کم وقت میں اپنے امتیازی طرزِ پیش کش اور خبروں کے حسنِ انتخاب کی وجہ سے کافی مقبول ہورہاہے، آپ کے ویڈیوز کافی مقبول ہو رہے ہیں، دی کوئنٹ آن لائن صحافت میں نیا ٹرینڈ سیٹ کررہا ہے، کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں، اس کامیابی کا راز کیا ہے؟
جواب: ہمارے یہاں دو تین بڑے ایڈیٹر ہی اسٹوری کا تعین نہیں کرتے؛ بلکہ ہمارے سبھی سینئر اور جونئر جرنلسٹ،کیمرہ مین، ویڈیو ایڈیٹر، زیر تربیت نئے لوگ سبھی کو روزانہ صبح ہمیں اپنا اپنا آئیڈیا بھیجنا ہوتا ہے، چاہے وہ 20 سال کا انٹر ن ہو یا کوئی سینئر، ہر صبح میٹنگ میں ان سبھی ایشوز پر ہم چرچا کرتے ہیں، مجھے یہ کہنے میں خوشی ہورہی ہے کہ کوئنٹ کی پیش کش کو نیا انداز دینے میں ہمارے نوجوان جرنلسٹوں کا بہت اہم رول ہے۔ نئے زمانے کی ضرورتوں کو وہ ہم سے اچھی طرح سمجھتے ہیں ؛اس لیے بحیثیت سینئر ہمارا کام جونئرس کی باتیں کان کھول کر سننا اور ان پر غور کرنا ہوتا ہے؛ تاکہ ہم ان کی نشان زد کی گئی چیزوں کو سمجھ پائیں۔
ہمارے رپورٹرس کھل کر اپنی رائے رکھتے ہیں، ہم میں سے ہر ایک کسی کی کوئی پروا کیے بغیر اپنی بات بے جھجھک کہہ گزرتا ہے،ہمارے یہاں اسے برا نہیں سمجھا جاتا، اپنے خیالات و افکار کو پیش کرنے کی یہی آزادی ہمیں کچھ اچھا کرنے میں معاون مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ یہاں کئی دماغ مل کر کام کر تے ہیں یہی اس کی خوبصورتی ہے۔
کوئنٹ کو اس کے اندازِ پیش کش،خبروں کے انتخاب اور ویڈیوز کو ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ کوئنٹ کی کامیابی کا پورا کریڈیٹ کوئنٹ کی پوری ٹیم کو جاتا ہے، ہم ایک اچھی ٹیم سلیکٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں، جب ہم کسی کا سلیکشن کر رہے ہوں، تو ہمیں یہ توجہ دینا چاہیے کہ جس کا ہم سلیکشن کر رہے ہیں ،اس کے پاس اپنانظریہ ہے کہ نہیں، دوسرے یہ کہ اس کی لکھنے کی صلاحیت کیا ہے ،یعنی اگر آپ اپنے پوائنٹ آف ویو کو لکھ نہیں سکتے ،تو پھر جرنلزم کیسے کریں گے؟ تیسرے یہ کہ ہمہ وقت آپ سب کچھ کرنے کو تیارہوں، آپ کو کچھ بھی کرنا پڑ سکتا ہے، آپ نے کبھی کیمرہ نہیں پکڑا ؛لیکن آپ کو کل سے شوٹ پر جا نا پڑ سکتا ہے،آپ سے گرافکس کا کام لیا جا سکتا ہے،آپ کو سوشل میڈیا کی باریکیوں کو بھی سمجھنا چاہیے۔
سوال: کیا آن لائن صحافت ہندوستان میں اپنا مقام بنا چکی ہے؟ اس کے سامنے چیلنجز کیا ہیں ؟آپ اس کے مستقبل کے بارے میں کیا سوچتی ہیں؟ اس میدان میں نئے آنے والوں کے لیے رہنما خطوط کیاہوسکتے ہیں؟ہندوستان کا ویب جرنلزم اس وقت کس مرحلے میں ہے؟
جواب: یہ سوال کئی بار میں خود سے بھی کرتی رہتی ہوں، میں نے جو کچھ دیکھا سمجھا ہے، اس کی بنیاد پر کہہ سکتی ہوں کہ انڈیا کا ویب جرنلزم دنیا کے ویب جرنلزم کے کندھے سے کندھا ملاکر چل رہاہے،ٹی وی چینلوں کا ایک دور تھا، جب ہم یہ سوچتے تھے کہ عالمی چینلز جس بلندی پر ہیں ،ہمیں وہاں تک پہنچنے میں کافی عرصہ لگے گا،ٹی وی جرنلزم میں ہمارے اور ناظرین کے درمیان ایک طرح کا گیپ تھا ،جو ویب جرنلزم میں بالکل بھی نہیں ہے۔ ہندوستان کے تناظر میں غور کرنے کی بات یہ ہے کہ ابھی بھی یہاں موبائل فون پر خبروں کو پڑھنے والے قاری بہت تھوڑے ہیں؛ لیکن بہت تیزی سے قارئین کی یہ تعداد بڑھنے والی ہے، گویا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ویب جرنلزم کے اچھے دن آنے والے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں ویب میڈیا قاری تک پہنچ پانے کے لیے تیار ہے کہ نہیں؟یہ بڑا چیلنج ہے۔ بدلتے زمانے کے قاری کو کیا چاہیے اور کیسے چاہیے، یہ بھی دیکھنا ہوگا۔
ہم جب سی این این آئی بی این میں تھے، تو ہمارے ناظرین45 سال کی عمر سے اوپر کے عمر دراز لوگ ہوا کرتے تھے؛ لیکن اب ہمارا قاری 18 تا 35 سال کی عمر کا ہے۔ دنیا کے دوسرے حصوں کے مقابلے ہمارے قاری کئی اعتبار سے مختلف ہیں ،یہاں کا معاشرہ بہت مختلف ہے،زبان،کلچر اور جغرافیائی تنوع یہاں کی پہچان ہے ،تو کیا ہم اپنے قارئین کو الگ الگ خانوں میں تقسیم کرکے ان کو ایک ساتھ شامل کریں گے ؟اس پر دھیان دیناہے۔ انڈیا کا ویب جرنلزم ابھی نوجوانی کی دہلیز پر ہے، پرنٹ،ٹی وی اور ویب میڈیا کے اپنے اپنے قارئین و ناظرین ہیں،جوآیندہ بھی رہیں گے ،کوئی ختم نہیں ہوگا۔
نئی نسل کے لیے میرے پاس کچھ ٹپس ہیں ۔ سوشل میڈیا کے ایک عام یوزر اور جرنلسٹ میں فرق ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا مثلاًفیس بک، ٹوئیٹر، واٹس ایپ وغیرہ پر آنے والی ہر خبر اس وقت تک خبر نہیں ہے جب تک آپ خود اس کی تحقیق نہ کر لیں،مجھے نئی نسل کے صحافیوں میں اس صلاحیت کی تھوڑی کمی محسوس ہوتی ہے۔جب تک فیکٹ اینڈ فیگرس اور دونوں طرف کا نقطۂ نظر سامنے نہ آ جائے، خبر مکمل نہیں ہوتی، کسی بھی جرنلسٹ کے لیے یہ چیزبہت اہم ہے، اس پر ہر حال میں قائم رہیں۔ یہ بھی خیال رہے کہ آج کے ریڈر کو صرف فیکٹ نہیں چاہیے ؛بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ اس پر Opinionبھی چاہتا ہے ؛اس لیے خبر لکھتے وقت آپ کا اپنا ایڈیٹوریل کمینٹ بھی ہو، آج انفارمیشن تو بے تحاشا ہے، ہاں اگر آپ کسی نیوز ایجنسی میں کام کر رہے ہیں، تو صرف فیکٹ اینڈ فیگرس ہی کافی ہیں ۔
سوال: دی کوئنٹ کی ہندی اور انگریزی سروس کے علاوہ کیا مستقبل میں دیگر ہندوستانی زبانوں میں بھی اسے لانچ کرنے کا ارادہ ہے؟
جواب: ارادہ ہے کہ ہم دیگر علاقائی زبانوں میں بھی کام کریں ؛ لیکن ابھی ہم ہندی اور انگلش پر ہی توجہ دے رہے ہیں، خاص طور سے ہندی کا میدان اتنا وسیع ہے کہ ہمیں اس پر ہی زیادہ فوکس کرنا ہے،کام بڑھا لینا اور اس پر قابو نہ رکھ پانا مناسب نہیں ہے۔
سوال: ہندوستانی مسلم سوسائٹی کی مین اسٹریم میڈیا سے شکایت یہ ہے کہ ان سے متعلق زیا دہ تر خبریں نظر انداز کر دی جاتی ہیںیابہت کم دی جاتی ہیں اورجودی جاتی ہیں،ان میں بھی منفی پہلو حاوی رہتا ہے، آپ کے یہاں کیا صورت حال ہے؟
جواب: یہ بہت حد تک اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کی ٹیم کیسی ہے، اس کو جغرافیائی، طبقاتی، علاقائی اعتبار سے ریپرزینٹیشنل ہونا بہت ضروری ہے ،جو نقطۂ نظر چھوٹے مقامات سے آنے والے ایک رپورٹر کا ہوگا، وہ دہلی یا میٹرو سٹی میں پلے، بڑھے اورپڑھے ہوئے رپورٹر کا نہیں ہوگا، ایسے بہت سارے بلاگر اور سٹیزن جرنلسٹ ہیں ،جو ہمارے یہاں مستقل لکھتے ہیں ،جواب ہمارے مستقل معاون ہیں ،جو گراؤنڈ سے حقیقی صورت حال رپورٹ کرتے ہیں، ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے نوجوان مسلم جرنلسٹوں کو آگے آنا چاہیے، ایسا نہیں ہے کہ جرنلزم کے سارے راستے مسدود ہو گئے ہیں، اب بھی کافی اسپیس ہے، ہمارا اپنا کوئنٹ ہے، دی وائر ہے، اسکرال ڈاٹ اِن ہے، ساؤتھ میں نیوز منٹ ہے ،آپ کا ایشیا ٹائمزہے اور بھی ہیں، جہاں بات کہنے کے لیے کافی اسپیس ہے، یہ سب ایسے ادارے ہیں، جو بڑے کارپوریٹ یا پولیٹکل لوگوں کی ملکیت نہیں ہیں،یہاں اوپر سے کوئی آرڈر نہیں آرہا ہے، سب اپنے طور پر کھل کر جرنلزم کر رہے ہیں۔ ہندوتوا کے دور میں جب پولرائزیشن کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہو، وہاں یہ بہت اہم ہو جاتا ہے کہ صحیح رپورٹنگ کی جائے۔ اخلاق کے ہی معاملے کو لے لیں، کسی اور زمانے میں اس کی رپورٹنگ ایک دم الگ ہوئی ہوتی، اب وقت بدل رہا ہے۔ جس طرح سے گؤ رکشک اور گؤ رکشا پر سوالیہ نشان لگایا جا رہا ہے، جس طرح سے بیف کے ایشو پر بڑا پروٹیسٹ درج کرایا جا رہا ہے، یہ بڑی بات ہے۔
سوال: ویب جرنلزم کے لیے ایک جرنلسٹ میں کن کن صلاحیتوں کا ہونا لازمی ہے؟
جواب: یہ زمانہ ملٹی میڈیا کا ہے، ضروری نہیں کہ پروفیشنل کیمرہ آپ کے پاس ہو ،آپ اپنے موبائل فون کو کس طرح کیمرے میں تبدیل کر لے رہے ہیں، اپنی اسٹوری میں کس طرح گرافکس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ کی زبان آسان فہم اور معیاری ہو، پڑھنے والا فوری طور پر آپ کے قریب آجائے۔ جب ہم ٹیلی ویژن یا پرنٹ میڈیا میں تھے، اس وقت ہمارے ریڈر سے ہمارا کوئی ناطہ نہیں تھا ، ہم یہ سوچتے تھے کہ ہم سب سے اچھا کر رہے ہیں؛ لیکن ویب جرنلزم نے ہمیں اتنا اچھا سکھایا ہے کہ ہم جو لکھتے ہیں، فوری طور پراس پھر ردعمل آنا شروع ہوجاتا ہے اوربہت معیاری تبصرے آتے ہیں۔ اگر آپ آج چھتیس گڑھ کے Bastarپر کچھ لکھیں ،تو ہو سکتا ہے کہ جو شخص اس خطے میں رہ چکا ہے، آپ کی کوئی غلطی نکال دے، یہ بہت اچھی بات ہے۔ ہمارے پاس خود کئی ایسے اچھے جرنلسٹ ہیں ،جو صرف گریجویشن کے بعد سیدھے جرنلزم میں آئے ہیں۔ جرنلزم کا کورس بھلے ہی نہ کیا ہو، فیکٹ کا پتہ لگا سکنے کی صلاحیت ہو، روہتک میں جا کر گئورکشک سے بات کر سکتا ہو، سوال کر سکتا ہو، یہ ایک جرنلسٹ کی اصل قابلیت ہے ،جرنلزم کے لیے کوئی کورس ضروری نہیں ہے۔
22 نومبر2016

