اشرف علی بستوی
آج علی الصبح سوشل میڈیا پر انتہائی افسوس اور رنج و غم دینے والی اطلاع موصول ہوئی کہ ہمارے استادِ محترم، سابق پرنسپل نیشنل انٹر کالج، موڈاڈیہا بیگ، جناب ابوبکر صاحب، موضع موڈاڈیہا خورد، ضلع سنت کبیر نگر، اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
ان کے انتقال کی خبر سے دلی صدمہ پہنچا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو قبول فرمائے، قبر کو نور سے منور کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ تمام اہل خانہ، عزیز و اقارب اور شاگردوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
ماسٹر صاحب انتہائی نفیس، سنجیدہ اور گمبھیر شخصیت کے مالک تھے۔ ان کی پیشانی کی لکیریں ان کے وقار اور سنجیدگی کا پتا دیتی تھیں۔ صفائی، ستھرائی، سلیقہ مندی اور خوش لباسی ان کی شخصیت کا نمایاں وصف تھا۔ انہوں نے ہمیں گیارہویں جماعت میں انگریزی پڑھائی۔ طلبہ کے درمیان ان کے رکھ رکھاؤ، نفاست اور سلیقہ مندی کے چرچے خوب رہتے تھے۔
وہ قناعت پسند اور خودداری کے قائل تھے۔ ایک مرتبہ ہم دو ساتھی ان سے ملاقات کے لیے گئے اور ٹیوشن پڑھنے کی درخواست کی، لیکن انہوں نے ہماری اس درخواست کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ کہنے لگے: ’’جو سمجھ میں نہیں آتا، کالج میں پوچھ لیا کرو۔‘‘ ان کا یہ مختصر سا جواب آج بھی یادوں میں محفوظ ہے۔ اس میں ایک استاد کی پیشہ ورانہ دیانت داری، قناعت اور اپنے طلبہ کے تئیں ذمہ داری کا احساس جھلکتا تھا۔
مجھے یاد ہے کہ 1995 میں جب ہم نے نیشنل انٹر کالج میں گیارہویں جماعت میں داخلہ لیا تو ماسٹر صاحب چمچماتی بجاج ایم (Bajaj M80) سے کالج آیا کرتے تھے۔ اس سے پہلے ہم نے انہیں سائیکل سے بھی کالج جاتے دیکھا کرتے تھے۔ ان کی سائیکل بھی اسی طرح صاف ستھری چمکتی ہوتی تھی۔ ان کے رکھ رکھاؤ کی لوگ مثالیں دیا کرتے تھے۔
موڈاڈیہا خورد سے موڈاڈیہا بیگ کے راستے میں اسرا شہید پڑتا ہے۔ وہاں بھی ان کا ایک گھر تھا اور وہ وہاں بھی کچھ دیر قیام کیا کرتے تھے۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب ہم طلبہ آپس میں اساتذہ کا ذکر کرتے تو ماسٹر صاحب کی چمکتی ہوئی بجاج ایم 80 کا تذکرہ ضرور ہوتا۔ سب کو یہ حیرانی ہوتی کہ کمال ہے سر کے گاڑی کی تیلیاں تک اب بھی نئی کی طرح چمکتی ہیں . ان کی شخصیت، ان کا لباس، ان کی سائیکل اور ان کی سواری، سبھی ہمارے لیے ایک الگ پہچان رکھتے تھے۔
آج پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے محض انگریزی زبان کی تعلیم نہیں دی بلکہ اپنے طرزِ عمل سے طلبہ میں صفائی، نفاست، سلیقہ مندی، خودداری اور باوقار زندگی گزارنے کا ذوق بھی پیدا کیا۔
کچھ اساتذہ کتابوں کے اسباق پڑھاتے ہیں، اور کچھ اپنی شخصیت اور کردار سے زندگی کا سبق دے جاتے ہیں۔ ماسٹر صاحب کا شمار یقیناً انہی اساتذہ میں ہوتا تھا۔
آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن ان کی شخصیت، ان کا رکھ رکھاؤ، ان کی نصیحتیں اور ان سے وابستہ یہ چھوٹی چھوٹی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی۔
اللہ تعالیٰ استادِ محترم کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔

