نئی دہلی، 19 نومبر 2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن (ٹی ایچ ای) انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2027 میں عالمی سطح پر 69ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جس سے یونیورسٹی کے بڑھتے وقار اور عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے منظر نامے میں مضبوط موجودگی کی تصدیق ہوتی ہے۔
عالمی سطح پر جامعہ کی نمایاں کامیابی
باوقار دی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگس: انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگز 2027 کی جاری کردہ تازہ رینکنگ نے جامعہ کو دنیا کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں جگہ دی ہے، جو تدریس، تحقیق، علم کی تخلیق، اختراعات اور بین الاقوامی مشغولیت میں اس کے مسلسل تعاون کی عکاس ہے۔ واضح ہو کہ یہ درجہ بندی جامعات کا بین الضابطہ تحقیق سے متعلق کلیدی معیارات کے ضمن میں جائزہ لیتی ہے، بشمول ان پٹ، عمل اور آؤٹ پٹ، باہمی تعاون پر مبنی اور مختلف علوم و فنون کی سائنسی تحقیق کے ذریعے پیچیدہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ان کے تعاون کو اجاگر کرتی ہے۔
اساتذہ، محققین اور طلبہ کی اجتماعی کوششوں کا اعتراف
جامعہ ملیہ اسلامیہ کا عالمی سطح پر 69واں مقام حاصل کرنا یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں اس کے اساتذہ، محققین، طلبہ، عہدیداران اور عملے کی اجتماعی کوششوں کا ثبوت ہے۔ یہ معیاری تعلیم، مؤثر تحقیق، اختراعات اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے یونیورسٹی کی مسلسل وابستگی کو بھی نشان زد کرتا ہے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف کی مبارک باد
عزت مآب پروفیسر مظہر آصف، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس شاندار کامیابی پر یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین، طلبہ، افسران اور عملے کو مبارک باد دی۔ انھوں نے بین الاقوامی رینکنگ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی شاندار کارکردگی میں ان کی اجتماعی شراکت کو سراہا اور تعلیمی عمدگی، معیاری تحقیق، جدت طرازی، بین العلومی تعاون اور عالمی تعلیمی روابط کو فروغ دینے کے ضمن میں یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔
رجسٹرار نے تحقیق اور تدریس کے معیار کو سراہا
پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، رجسٹرار، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جامعہ کو حاصل شدہ اعلیٰ رینکنگ پر مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی ان پیش رفتوں اور جدید ترین تحقیق کی مظہر ہے جو جامعہ کے محققین نے سائنس اور بین الضابطہ سائنسی علوم کے شعبوں میں حاصل کی ہیں۔ یہ اس اعلیٰ معیارِ تدریس و تحقیق کا اعتراف ہے جسے جامعہ کے اساتذہ نے نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ امتدادِ وقت کے ساتھ اس میں مسلسل بہتری لائے ہیں؛ اور اسی بنا پر انھیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع پذیرائی اور شناخت حاصل ہوئی ہے۔
آئی کیو اے سی ٹیم کی کوششوں کا اعتراف
داخلی معیار یقین دہانی سیل (آئی کیو اے سی) کی اعزازی ڈائریکٹر، پروفیسر رفعت پروین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پوری برادری کو مبارک باد دی اور مختلف قومی و بین الاقوامی درجہ بندی کے عمل کے لیے درکار ادارہ جاتی اعداد و شمار اور معلومات کو یکجا کرنے، مرتب کرنے، اس کی تصدیق کرنے اور اسے جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے آئی کیو اے سی ٹیم کی مخلصانہ کوششوں کی ستائش کی۔
عالمی رینکنگ میں مزید بہتری کے لیے جامعہ پُرعزم
جامعہ، آئی کیو اے سی ٹیم اور مختلف فیکلٹیز، شعبہ جات، مراکز اور انتظامی اکائیوں کے عملے کی ان گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کرتی ہے، جن کی مربوط کوششوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ادارہ جاتی ساکھ کو مستحکم کرنے اور عالمی درجہ بندی کے فریم ورکس میں اس کی شرکت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنے تعلیمی، تحقیقی اور معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے، نیز قومی اور بین الاقوامی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

